پاکستان اہم اقتصادی شراکت دار کی حیثیت سے جاپان کا احترام کرتا ہے، صدر

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان ایک قریبی دوست اور اہم اقتصادی شراکت دار کی حیثیت سے جاپان کا احترام کرتا ہے۔
جاپان میں پاکستان کے نامزد سفیر امتیاز احمد سے منگل کے روز اسلام آباد میں ملاقات میں انہوں نے کہا کہ پاکستان معیشت کے تمام شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے جاپان کے سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولت فراہم کرے گا۔
نامزد سفیر کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے صدر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مثبت سمت میں جا رہے ہیں۔ تاہم انہیں وسعت دینے کے لئے مزید کوششوں کی ضرورت ہے۔
انہوں نے جاپان میں پاکستانی ہنرمند اور نیم ہنرمند افرادی قوت کے لئے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
صدر نے نامزد سفیر کو کامیاب قیام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امیدظاہر کی کہ ان کی سفارتی مدت میں دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔

Comments