صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ آج کی ٹیکنالوجی کی دنیا میں کسی ملک کی معاشی ترقی کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی پر عمل پیرا ہونا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
وہ وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی کی زیر قیادت ڈاکٹر عطاالرحمن اور سیکرٹری انفارمیشن یکنالوجی و ٹیلی کام شعیب صدیقی پر مشتمل وفد سے گفتگو کررہے تھے جس نے بدھ کے روز اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔
صدر نے کہا کہ سماجی و قتصادی ترقی کا آئی ٹی کے شعبے میں پیش رفت کے ساتھ گہرا تعلق ہے جو پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کیلئے اور زیادہ اہمیت اختیار کر جاتاہے۔
انہوں نے کہا علم پر مبنی معیشت پاکستان کی جامع ترقی کیلئے لازمی شرط ہے جس کیلئے ہمیں لازمی طور پر اپنی آبادی کو دور درا ز علاقوں تک علم فراہم کرنا چاہیے جو باقاعدہ تعلیم حاصل کرنے کی استعداد نہیں رکھتے اور اس کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنانا چاہیے۔
صدر نے کہا مصنوعی ذہانت کے فوائد کے ساتھ ساتھ فوری نوعیت کے چیلنج کا دائرہ کار فرموں' ڈویلپروں ' حکومتوں اور کارکنوں تک ہے۔
انہوں نے کہا اس لئے ہمیں مصنوعی ذہانت کے فوائد سے استفادہ کرنے اور اس کے نقصانات کو کم سے کم کرنا چاہیے۔
Comments
Post a Comment