پی آئی اے نے کرایوں میں کمی کا اعلان کر دیا

پاکستان کی قومی ایئرلائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز ( پی آئی اے) نے مسافروں کیلئے کرایوں میں کمی کا بڑا اعلان کردیا۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز ( پی آئی اے) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایئر لائنز کی جانب سے رعایتی ٹکٹس متعارف کرا دیئے گئے ہیں۔ لندن اور عرب امارات کے مسافروں سمیت طلباء بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لندن سے سیالکوٹ کے مسافروں کو 24 ستمبر تا 30 نومبر تک 10 فیصد رعایت دی جائے گی۔ پی آئی اے کے مسافروں کو پاکستان سے یو اے ای کے سفر میں 20 فیصد رعایت 12 اگست تک دی جائے گی۔
پاکستان سے لندن جانے والے مسافروں کو 10 اگست تک دس فیصد کرایوں میں رعایت دی جائے گی، جب کہ بزرگوں کو سرپرائز ہولی ڈیز اسکیم کے تحت 10 فیصد رعایت دی جائے گی۔ صرف یہ ہی نہیں بلکہ کم سن طلباء اور طالبات کو بھی 10 فیصد تک کرایوں میں کمی کی سہولت دی جائے گی۔

Comments