دورہ امریکا کامیاب رہا، ٹرمپ جلد پاکستان آئیں گے، وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دورہ امریکا اپنی نوعیت کا کامیاب دورہ ہے، پاکستان برابری کی سطح پر خود کو منوانے میں کامیاب رہا۔
وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے، مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں پاکستان نے بھرپور کردار ادا کیا، پاکستان اور امریکا کے تعلقات ماضی کی نسبت مستقبل میں بہترین رہیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے امریکی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت کے حوالے سے کابینہ کو اعتماد میں لیا۔
علاوہ ازیں وفاقی کابینہ نے 17 جولائی کو اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) اجلاس میں ہونے والوں فیصلوں کی توثیق کردی۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 21 سے 23 جولائی تک امریکا کا تین روزہ سرکاری دورہ کیا۔
اس دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو، امریکی اراکین کانگریس کے علاوہ پاکستانی نژاد تاجروں سے بھی ملاقات کی۔
اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے کیپیٹل ارینا میں جلسے سے خطاب بھی کیا اور مختلف ٹی وی چینلز کو انٹرویوز بھی دیئے۔

Comments