امریکہ کا خلیج اومان اور یمنی پانیوں میں مفادات کے تحفظ کے لئےفوجی اتحاد بنانے کا اعلان

امریکہ ،ایران اور یمن کے اطراف سمندر کی حفاظت کے لئے بین الاقوامی فوجی اتحاد قائم کرنا چاہتا ہے۔
امریکی جنرل جوزف ڈنفورڈکے مطابق امریکہ خلیجی خطے میں جہاز رانی کی آزادی کو یقینی بنانا چاہتا ہے کیونکہ اس علاقے میں اہم تجارتی گزر گاہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کی متعدد ملکوں سے بات چیت جاری ہے جو اس منصوبے کی حمایت کرنے پر آمادہ ہیں۔جنرل جوزف ڈنفورڈ نے کہا کہ امریکہ کمانڈ اینڈ کنٹرول کے عمل کے لئےبحری جہاز مہیا کرے گا تاہم دوسرے ممالک بھی کشتیاں دیں گے جو امریکی بحری جہازوں کے درمیان گشت کر سکیں۔آبنائے ہرمز اور باب المندب فوجی اہمیت کے بحری راستے ہیں جو سمندر سے خلیج اور بحیرۂ احمر تک رسائی فراہم کرتے ہیں۔باب المندب کے بحری راستے سے روزانہ چالیس لاکھ بیرل تیل گزرتا ہے۔امریکہ نے ایران پر جون میں آبنائے ہرمز سے کچھ فاصلے پر دو آئل ٹینکروں کو بارودی سرنگ سے تباہ کرنے کا الزام لگایا تھاجس کی ایران نے تردید کی تھی۔ایرانی فوج نے بھی امریکی ڈرون کو خلیج کے علاقے میں تباہ کر دیا تھا۔ ایران کا مؤقف تھا کہ ڈرون نے ایرانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی جبکہ امریکہ نے ایران کی تردید کی اور کہا کہ ڈرون بین الاقوامی فضائی حدود میں تھا۔

Comments