پرائیویسی کی خلاف ورزی ، فیس بک پر تاریخی جرمانہ عائد



کیلی فورنیا: دنیا کی سب سے بڑی سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک پر صارفین کی پرائیویسی کی خلاف ورزی پر امریکا میں 5ارب ڈالر کا تاریخی جرمانہ عائد کردیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فیس بک پر 5 ارب ڈالر کا جرمانہ امریکی حکام اور فیس بک انتظامیہ کے درمیان ایک ڈیل کا نتیجہ ہے جس کے تحت فیس بک اپنے بورڈ آف ڈائریکٹر کے اندر ایک پرائیویسی کمیٹی تشکیل دے گی۔اس اقدام سے پرائیویسی سے متعلق فیصلوں پر فیس بک کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ کا کنٹرول ختم کرنے میں مدد ملے گی۔
دوسری جانب امریکی فیڈرل ٹریڈ کمیشن کے مطابق یہ صارفین کی پرائیویسی کی خلاف ورزی پر کسی کمپنی پر عائد کیا گیا اب تک کا سب سے بڑا جرمانہ ہے۔ اس کے علاوہ یہ جرمانہ کسی بھی خلاف ورزی پر امریکی حکومت کی جانب سے عائد کیے گئے چند بڑے جرمانوں میں سے ایک ہے۔ فیڈرل ٹریڈ کمیشن کے چیئرمین جو سمنز کا کہنا ہے کہ فیس بک کی جانب سے ذاتی معلومات کے غلط استعمال کے خدشات دور کرنے کے لیے 5 ارب ڈالر کا جرمانہ مناسب ہے۔ 

Comments