پہلی حج پرواز کل اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے روانہ ہوگی

پہلی حج پرواز کل اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے روانہ ہوگی۔
مذہبی امور کے وزیر پیر نور الحق قادری اور ہوا بازی کے وزیر غلام سرور خان ہوائی اڈے پر عازمین حج کو الوداع کہیں گے۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق لاہور سے پہلی حج پرواز بھی کل روانہ ہوگی جبکہ کراچی اور پشاور سے پروازوں کا سلسلہ جمعے سے شروع ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سال پہلی مرتبہ پاکستان انٹر نیشنل ائر لائن کوئٹہ سے براہ راست حج پروازیں شروع کررہی ہے۔
ادھر وزیراعظم عمران خان جمعہ کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر ''روڈ ٹو مکہ'' منصوبے کا افتتاح کرینگے جس سے پاکستانی عازمین حج کو اپنے ملک کے ایئرپورٹس پر ہی امیگریشن اور دیگر مراحل مکمل کرنے کی سہولت ہو گی۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان عمران صدیقی کے مطابق سعودی حکام نے پاکستانی عازمین حج کا امیگریشن کا عمل مکمل کرنے کیلئے اسلام آباد ایئرپورٹ پر خصوصی کاؤنٹر قائم کئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ''روڈ ٹو مکہ'' منصوبہ مدینہ منورہ یا جدہ ایئرپورٹس پر جانیوالے عازمین حج کیلئے یکساں مفید ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ''روڈ ٹو مکہ'' پروگرام پہلا منصوبہ ہے جو اسلام آباد سے شروع کیا جا رہا ہے اور اسے آئندہ برسوں میں ملک کے دیگر شہروں تک توسیع دی جائے گی۔
ترجمان نے کہا کہ ''روڈ ٹو مکہ'' منصوبہ سعودی عرب کی طرف سے پاکستانی عازمین حج کے لئے تحفہ ہے اور اس منصوبے سے اکیس ہزارحجاج مستفید ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سعودی ولی عہد کے دورئہ پاکستان کے دوران ان سے پاکستان کو ''روڈ ٹو مکہ'' منصوبے میں شامل کرنے کی درخواست کی تھی۔
وزارت مذہبی امور سرکاری حج سکیم کے تحت حجاج کرام کو ای ویزہ کا اجراء بھی شروع کر دیا ہے۔ ملک بھر میں دس حاجی کیمپ بھی فعال ہو گئے ہیں۔
عازمین حج کو حج پروازوں سے قبل پاسپورٹ، ٹکٹ، لاکٹ اور سٹکرز فراہم کئے جائیں گے۔

Comments