ایف بی آر کی موٹر سائیکل اور رکشوں پر بھاری ٹیکسز سے متعلق خبروں کی ترید


کراچی: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے موٹر سائیکل یا رکشوں پر بھاری ٹیکسز عائد کرنے کی تردید کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق رکشہ اور موٹر سائیکل کی رجسٹریشن پر بھاری ٹیکس سے متعلق خبریں وائرل ہونے پر ایف بی آر کا وضاحتی بیان سامنے آگیا جس میں موٹر سائیکل اور رکشوں پر ود ہولڈنگ ٹیکسز عائد کرنے کی تردید کی گئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ موٹر وہیکل ٹیکسز پر ردوبدل کا اطلاق کم آمدن والے طبقے کے لیے نہیں ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل پر ودہولڈنگ ٹیکس کسی افسر کی ذاتی تشریح ہو سکتی ہے، ایف بی آر پالیسی نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیکس اضافے کی کوشش میں چھوٹے طبقے کو چھوٹ ترجیح ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز میڈیا کے ذریعے اس قسم کی خبریں سامنے آئی تھیں کہ ایف بی آر نے موٹرسائیکل اور رکشوں کی رجسٹریشن پر ود ہولڈنگ ٹیکس عائد کر دیا ہے جس کے بعد موٹرسائیکل کی رجسٹریشن فیس 3 ہزار 400 روپے بڑھ کر 20 ہزار 900 روپے ہو جائے گی۔

Comments