معیشت کو دستاویزی شکل دینا ملک کی پائیدار ترقی کیلئے ناگزیر ہے،صدر

صدرڈاکٹرعارف علوی نے کہاہے کہ پاکستان اقتصادی مسائل کے حل کے بعد اب تمام شعبوں میں ترقی کی راہ پرگامزن ہے اور ہم وسیع امکانات کی تلاش کے لئے سرمایہ کاروں اور سیاحوں کاخیرمقدم کریں گے۔
انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں پاکستان کے صنعت وتجارت کے ایوانوں کی فیڈریشن کے ساتویں اچیوومنٹ ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
صدرنے کہاکہ آئی ایم ایف کے پیکج سے عالمی بنک جیسے دیگربین الاقوامی اداروں کا ملک پر اعتماد بحال ہوا ۔ حکومت کی کفایت شعاری مہم کاذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے اخراجات کم کرکے آمدن بڑھانا ہوگی۔
صدرنے کہاکہ پائیدار ترقی کے لئے معیشت کو دستاویزی شکل دیناناگزیر ہے تاہم انہوں نے تاجروں کی جانب سے آسان اردوزبان میں ٹیکس فارم متعارف کرانے کے مطالبے کی تائید کی۔
انہوں نے کہاکہ تیزی سے تبدیل ہوتے ہوئے رجحانات کومدنظر رکھتے ہوئے پاکستان میں تاجروں کو روایتی طریقوں کی بجائے مصنوعی ذہانت کی طرف رجوع کرناچاہیے تاکہ ان کی آمدن میں ا ضافہ ہو اور وہ عالمی رسائی حاصل کرسکیں۔

Comments