چین میں طوفان سے تباہی، 13 افراد ہلاک اور لاکھوں نقل مکانی پر مجبور

چین میں لیکیما طوفان نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک اور لاکھوں نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق طوفان کے بعد لینڈسلائیڈنگ کے نتیجے میں 16 افراد لاپتا ہوگئے جب کہ طوفان کے نتیجے میں وینلنگ شہر میں شدید لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔
چین کے مقامی میڈیا کا کہنا ہےکہ طوفان کے نتیجے میں 187 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق طوفان کے باعث لینڈسلائیڈنگ سے وینزو شہر میں ڈیم ٹوٹنے سے تباہ کن لینڈسلائیڈنگ ہوئی، طوفان کے شنگھائی شہر سے بھی ٹکرانے کے امکانات ہیں جس کے باعث خطرناک سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
لیکیما طوفان کے باعث متعدد درخت زمین سے اکھڑ گئے اور کئی علاقے بجلی سے بھی محروم ہوگئے جب کہ طوفان میں پھنسے افراد کو نکالنے کےلیے ایمرجنسی ٹیمیں تشکی دی جاچکی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حکام نے ایک ہزار سے زائد پروازیں اور ٹرینیں منسوخ کردی ہیں۔
طوفان کے باعث شنگھائی شہر میں رہنے والے ڈھائی لاکھ افراد سمیت ژی جیانگ صوبے سے 8 لاکھ افراد کی نقل مکانی کرائی جارہی ہے۔
چینی میڈیا کا کہنا ہےکہ طوفانی ہواؤں سے تقریباً 27 لاکھ گھر بجلی سے محروم ہوچکے ہیں۔
چینی میڈیا کے مطابق چین میں یہ سال کا نواں طوفان ہے اور یہ کئی سالوں کے دوران ایک طاقتور ترین طوفان ہے۔

Comments