آرٹیکل 370 اور 35اے کی تنسیخ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے ،وزیر خارجہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارتی پارلیمنٹ کی طرف سے آرٹیکل 
370 اور 35-A کی تنسیخ بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔
وہ منگل کے روز جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے کشمیر کے بارے میں رابطہ گروپ کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ یہ اجلاس بھارتی حکومت کی جانب سے آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے بلایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 1989ء سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں ایک لاکھ کشمیری شہید ہو چکے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 22 ہزار کشمیری خواتین بیوہ اور ایک لاکھ آٹھ ہزار بچے یتیم ہوئے اور بارہ ہزار خواتین کی بے حرمتی کی گئی۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور او آئی سی کے سیکرٹری جنرل بھارت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کے بارے میں پاکستان کے خدشات سے آگاہ کیا ہے۔
انہوں نے اجلاس کے شرکاء پر زور دیا کہ وہ اس مسئلے کی طرف فوری توجہ دیں۔پاکستان، سعودی عرب ، آذربائیجان، ترکی اور دیگر رکن ملکوں کے شرکاء نے اجلاس میں شرکت کی۔

Comments