عیدالاضحی پر حلال فوڈ اتھارٹی کا ہدایت نامہ جاری، شہریوں کا خیرمقدم


خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے عید قرباں کی آمد کے پیشِ نظر عوام کیلئے صحت و صفائی کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کی ہیں اور قربانی کے جانور ذبح کرنے کے شرعی اور سائنسی اصول بتائے ہیں اتھارٹی کے ریجنل ڈائریکٹر اسد قاسم خٹک نے اپنے ہیڈکوارٹر کی جانب سے آمدہ ہدایات کی صاف خوراک صحت مند عوام کے زیرعنوان بروشرز کی صورت میں سوات کے گلی کوچوں اور عام شہریوں میں تقسیم بھی شروع کر دی ہے ان ہدایات کے تحت قربانی کرتے وقت جانور کو بائیں پہلو لٹایا جائے، اس کا منہ قبلہ رخ کریں اور دعا پڑھیں، ذبح کرنے کیلئے تیز چھری کا استعمال کریں، گلے پر تیز چھری ایسے پھیریں کہ خوراک کی نالی، سانس کی نالی اور دائیں بائیں خون کی نالیاں ایک ساتھ کٹ جائیں، گردن کی ہڈی اور اعصابی رگوں کو نہیں کاٹنا تاکہ جانور کے جسم سے خون مکمل نکل جائے اور جب تک جانور کے جسم سے خون مکمل نہ نکل جائے تو اس وقت تک انتظار کیا جائے جلدی کرنے کی صورت میں خون جسم میں رہ جائے گا اور مضر صحت جراثیم سے بھی آلودہ ہو جائے گا شہری گوشت کی بدبو دور کرنے کیلئے فریج میں کھانے کا سوڈا رکھیں ہدایات میں قربانی کے جانور کا گوشت سنبھالنے کا طریقہ بھی سمجھایا گیا ہے جس کے مطابق شہری گوشت کو صاف ستھری جگہ پر رکھ کر کاٹیں، گوشت کاٹتے وقت کھانے سے پرہیز کریں یا کچھ کھانے سے پہلے ہاتھ صابن سے اچھی طرح دھولیں، فریج میں گوشت آخری شیلف میں رکھیں جہاں خون کے قطرے باقی خوراک کو خراب نہ کریں، گوشت پکاتے وقت کاٹنے کیلئے الگ شیلف میں رکھیں جہاں دوسری خوراک موجود نہ ہو تاکہ گوشت میں موجود بیکٹیریا باقی خوراک میں نہ پھیل سکیں اور گوشت کاٹنے کے بعد ہاتھ دھونا نہ بھولیں نیز قربانی کے فضلات کو آبادیوں سے دور زمین میں دفنایا جائے تاکہ ماحول متعفن نہ ہو اور لوگ بدبو اور بیماریوں سے بچ سکیں ہدایات میں کہا گیا ہے کہ صفائی نصف ایمان ہے اسلئے عیدالاضحی پر بھی اس کا خصوصی اہتمام کریں درایں اثناء سوات کے عوامی اور سماجی حلقوں نے عیدالاضحی میں قربانی کے گوشت سے متعلق حلال فوڈ اتھارٹی کی ہدایات اور بروشرز کا خیرمقدم کیا ہے اور عوام کو صحتمند خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے اس ضامن ادارے کی تعریف کرتے ہوئے اسکے بانی ڈائریکٹر جنرل اور موجودہ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ریاض خان محسود کو بطور خاص خراج تحسین پیش کیا ہے۔

Comments