مقبوضہ کشمیر میں کشیدگی: اقوام متحدہ کی پاکستان اور بھارت سے تحمل کی اپیل

اقوام متحدہ نے مقبوضہ کشمیر میں بڑھتی ہوئی کشیدہ صورت حال پر پاکستان اور بھارت سے تحمل کی اپیل کی ہے۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے ترجمان نے کہا کہ یو این مبصر گروپ نے صورت حال سے متعلق رپورٹ دی ہے، لائن آف کنٹرول پر حالیہ دنوں میں فوجی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
ترجمان سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ دونوں ملک تحمل کا مظاہرہ کریں تاکہ حالات مزید خراب نہ ہوں۔
گزشتہ روز او آئی سی نے بھی مقبوضہ کشمیر میں بگڑتی ہوئی صورت حال اور مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کی اضافی نفری پر بھی تشویش کا اظہار کیا تھا۔
او آئی سی نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے عالمی برادری اپنی ذمہ داری پوری کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اس کو حل کیا جائے۔

Comments