ایل اوسی کیساتھ شہریوں پرکھلی جارحیت نےبھارتی فوج کاحقیقی کرداربےنقاب کردیا،آئی ایس پی آر

بھارتی فوج نے کنٹرول لائن کے ساتھ شہری آبادی کو دانستہ طورپر نشانہ بنانے کیلئے کلسٹربارود کا استعمال کیا جو جنیوا کنونشن اور عالمی انسانی قانون کی صریحاً خلاف ورزی ہے ۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارتی فوج نے وادی نیلم میں 30 اور 31 جولائی کی شب توپ خانے کے ذریعے کلسٹربارود استعمال کرتے ہوئے خواتین اور بچوں سمیت بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنایا ۔جس کے نتیجے میں چار سالہ بچے سمیت دو شہری شہید اور گیارہ شدید زخمی ہوگئے ۔
جنیوا کنونشن کے تحت کلسٹر بارود کا استعمال ممنوع ہے کیونکہ اس کے استعمال سے شہریوں پرسنگین اثرات مرتب ہوتے ہیں۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ تمام عالمی ضابطوں کے خلاف بھارت کی کھلی جارحیت سے بھارتی فوج کا حقیقی کردار اور اخلاقی پستی بے نقاب ہورہی ہے ۔آئی ایس پی آر نے عالمی برادری پرزوردیا کہ وہ بھارت کی طرف سے کلسٹر بارود کے استعمال سے متعلق عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کا نوٹس لے جس سے بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

Comments