ملاکنڈ ڈویژن میں بھی یوم آزادی اور یوم یکجہتی کشمیر انتہائی تزک و احتشام اور قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا
خیبرپختونخوا کے دوسرے علاقوں کی طرح پورے ملاکنڈ ڈویژن میں بھی یوم آزادی اور یوم یکجہتی کشمیر انتہائی تزک و احتشام اور قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا ڈویژنل ہیڈ کوارٹر سیدو شریف میں ڈویژن اور سوات کی ضلعی انتظامیہ کی سطح پر الگ الگ تقاریب ہوئیں جبکہ بونیر، شانگلہ، دیر پائیں، دیر بالا، چترال اپر و لوئیر، باجوڑ اور ملاکنڈ کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز میں بھی اسطرح کی خصوصی تقاریب ہوئیں جہاں جشن آزادی اس عہد کی تجدید کے ساتھ منایا گیا کہ ہم سب لازوال قربانیوں سے حاصل کردہ اس مملکت خداداد کو عظیم سے عظیم تر اور پرامن و خوشحال ملک بنائیں گے اور مظلوم کشمیریوں کی دادرسی کے ساتھ ساتھ کشمیر کو پاکستان کا حصہ بنانے کیلئے جان و مال کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اس دن کی مناسبت سے ڈویژنل اور ضلعی ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ جشن آزادی کی تقریبات میں بزرگ شہریوں اور ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کو بطور خاص مدعو کیا گیا تھا سب سے بڑی تقریب ڈویژنل ہیڈ کوارٹر سیدو شریف میں منعقد کی گئی جہاں چئیرمن ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان یوسفزئی مہمان خصوصی تھے انہوں نے دیگر عمائدین کے ہمراہ پرچم کشائی کی رسم ادا کی اور ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی گئی پولیس کے چاق و چوبند دستے نے اس موقع پر سلامی دی تقریب میں ڈویژنل و ضلعی انتظامی افسران، قومی تعمیر نو محکموں کے سربراہوں، منتخب نمائندوں، عمائدین علاقہ، تاجر برادری اور مختلف سکولوں کے اساتذہ اوربچوں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی اس موقع پر پاکستانی پرچم کے ساتھ ساتھ کشمیر کے جھنڈے بھی لہرائے گئے اور کشمیریوں کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا سکول کے بچوں نے تقریب میں ملی نغمے پیش کئے جبکہ آزادی کشمیر کے حوالے سے خاکے اور ٹیبلو بھی پیش کئے گئے جنہیں شرکاءنے بیحد سراہا فضل حکیم خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ جشن آزادی کے اس اہم موقع پر ہم اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں کو نہیں بھولیں گے جو انتہائی دلیری سے بھارتی جارحیت اور ظلم و بربریت کا سامنا کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو آزادی ملے گی البتہ پاکستانی عوام ان کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھیں گے انہوں نے کہا کہ ہم کل بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے اور دنیا کو پیغام دیں گے کہ بھارت ایک جارح اور غاصب ملک ہے جو اقوام متحدہ کے قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی بھی کر رہا ہے قبل ازیں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک ریلی بھی نکالی گئی جس کی قیادت چئیرمن ڈیڈیک نے کی اور اس میں مختلف مکتبہ ہائے فکر کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اس موقع پر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور امت مسلمہ کی وحدت کیلئے اجتماعی دعا بھی مانگی گئی۔
Comments
Post a Comment