قومی ترقیاتی کونسل کا پہلا اجلاس، کوسٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری

قومی ترقیاتی کونسل نے نیشنل کوسٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی ترقیاتی کونسل کے پہلے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ اجلاس میں بلوچستان میں معدنیات سے متعلق صوبے کو چار زونز میں تقسیم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی ترقیاتی کونسل کا پہلا اجلاس ہوا جس میں وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی، وزیرمنصوبہ بندی خسروبختیار، آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں بلوچستان کے ترقیاتی اور گوادر کے ماسٹر پلان، خیبرپختونخوا میں ضم شدہ علاقوں کی ترقی کے پلان پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ قومی ترقیاتی کونسل کے اجلاس میں بلوچستان میں سیکیورٹی صورتحال اور باڈر مینجمنٹ پر گفتگو ہوئی۔
بلوچستان میں معدنیات کے اعتبار سے صوبے کو 4 زونز میں تقسیم کیا جائے گا۔ اجلاس میں تیل و گیس کے شعبے میں 4 نئے بلاکس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔
قومی ترقیاتی کونسل نے نیشنل کوسٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے سی پیک اتھارٹی قائم کی جارہی ہے۔ اتھارٹی سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں سیاحت کے فروغ کیلئے کام کرے گی۔
اجلاس میں گڈانی پورٹ اور حب میں اسپیشل اکنامک زون بنانے کی رپورٹ تیار کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

Comments