دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان خیرسگالی کے جذبے کے تحت طالبان کے ساتھ امن عمل میں سہولت فراہم کررہا ہے کیونکہ افغانستان اور پورے خطے میں امن خوشحالی اور استحکام عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
آج اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان افغان عمل امن کے ساتھ پرعزم ہیں۔
ترجمان نےکہا کہ وزیراعظم عمران خان کی طرف سے اعلان کئے گئے طالبان کے دورے سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے کشمیر کے مسئلے پر ثالثی کی پیشکش کے حوالے سے کسی پیشرفت کے بارے میں سوال پر ترجمان نے کہاکہ پاکستان کشمیر کے تنازعے کے حل کےلئے عالمی برادری کی کوششوں کا خواہاں ہے۔
ڈاکٹرمحمد فیصل نےکہا کہ بھارت حال ہی میں کنٹرول لائن کے ساتھ جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں کا مرتکب ہوا ہے جس میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے ہائی کمشنر کو گزشتہ ماہ کی اٹھائیس اور تیس تاریخ اور آج دفتر خارجہ میں طلب کیا گیا اور جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر سخت احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔
اطلاعات ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے مزید دس ہزار اہلکار تعینات کئے جارہے ہیں جس سے مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی صورتحال مزید خراب ہوگی۔
Comments
Post a Comment