پاکستان نے جموں وکشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کے بھارت کے اشتعال انگیز اقدام کے جواب میں سمجھوتہ ایکسپریس بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔آج دوپہر اسلام آباد میں اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے ریلویز کے وزیر شیخ رشید احمد نے کہاکہ وہ اپنی وزارت کی مدت کے دوران اس ٹرین کوچلنے کی اجازت نہیں دیںگے۔انہوں نے بھارت سے اس ٹرین کے انجن اور بوگیاں واپس لینے کاکہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس ٹرین سے الگ ہونے والی بوگیاں دوسری ٹرینوں میں استعمال کی جائینگی۔وفاقی وزیر نے کہاکہ بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کی جانب سے کشمیر کے حوالے سے لیا جانے والا فیصلہ غیردانشمندانہ ہے اور اس قسم کے فیصلے تاریخ کو بدل دیںگے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان امن کا داعی ہے اوروہ جنگ نہیں چاہتا ۔وہ کشمیریوں کی نسل کشی سے غافل نہیں رہ سکتا اور اگر دونوں ملکوں کے درمیان جنگ ہوئی تو یہ اس مسئلے پر آخری جنگ ہوگی۔شیخ رشید نے کہاکہ پاکستان کا کشمیر پرزیادہ حق ہے کیونکہ پاکستانیوں اور کشمیریوں کا مذہب ثقافت' تہذیب اور اقدار ایک ہیں۔شیخ رشید احمد نے کہاکہ کشمیریوں اور پاکستانیوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔
Comments
Post a Comment