وزیراعظم نے خصوصی افراد کیلئے صحت سہولت پروگرام کا آغاز کردیا

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے خصوصی افراد کیلئے صحت سہولت پروگرام کا آغاز کردیا۔
اسلام آباد میں خصوصی افراد کیلئے ’صحت سہولت پروگرام‘ کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افراد کی طرح قوموں کے بھی وژن ہوتے ہیں، ہمیں پاکستان کو مدینہ کی طرز کی فلاحی ریاست بنانا تھا لیکن ہم اس وژن سے دور ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ مدینہ کی ریاست ماڈرن ریاست تھی جو انسانیت اور انصاف پر کھڑی تھی، ہم پاکستان کو وہ ریاست بنانا چاہتے ہیں جہاں رحم و انسانیت اور عدل و انصاف ہو، ان اصولوں پر عمل کرنے سے ہی اللہ پاکستان کو اوپر لے جائے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان ایشین ٹائیگر بننے کیلئے نہیں بنا تھا بلکہ ریاست مدینہ کے اصولوں اور شریعت پر عمل درآمد کے لیے بنا تھا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک ایک چیز پر تفصیل سے کام کیا ہے، غریب گھرانے میں جب بیماری آتی ہے تو سارا گھر کا بجٹ تباہ کردیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 25 سے 40 فیصد لوگ پاکستان میں غربت کی لکیر سے نیچے ہیں، غریب خاندانوں کو علاج معالجے کی سہولتیں دیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ لوگوں کی زندگی بہتر کرنا حکومت کا کام ہے لہٰذا فیصلہ کیا ہے کہ کابینہ اجلاس میں ہر وزارت اپنا ایک کام بتائے گی جس سے عام آدمی کی زندگی بہتر ہوئی ہو۔
وزیراعظم عمران خان نے تقریب میں خصوصی افراد میں صحت انصاف کارڈ بھی تقسیم کیے۔ 
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے ’احساس‘ کے نام سے غربت مٹاؤ پروگرام کا بھی آغاز کیا تھا۔
اس پروگرام کے تحت طالب علموں کو گرانٹ، خواتین کی بہبود، مزدوروں اور کسانوں کیلئے آسان شرائط پر قرض دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔

Comments