لاکھوں کی تعداد میں مسلمان حج کی سعادت حاصل کرنے کیلئے مکہ مکرمہ پہنچ گئے، مناسک حج کا آغاز آج (جمعۃ المبارک) سے آغاز ہوا،
دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں حجاج کرام جمعرات کی شب سے منیٰ میں قیام کیلئے روانہ ہورہے ہیں۔ سعودی حکام کی ہدایت کے مطابق منیٰ میں اژدھام سے بچنے اور حجاج کرام کے تحفظ کیلئے انہیں قبل از وقت ہی بسوں کے ذریعے منیٰ کی جانب روانہ کیا جارہا ہے۔
سعودی عرب کی وزارت حج عمرہ نے تمام مسلم ممالک کے حج مشنوں کو منیٰ میں قائم خیمہ بستی کے نقشے پہنچا دیئے ہیں اور حجاج کرام میں منیٰ میں قائم مکاتب کی جانب سے الگ سے کارڈ بھی تقسیم کر دیئے گئے ہیں، ان پر حاجی کا نام، بستر نمبر، خیمہ نمبر اور شارع کا نمبر سمیت تمام تفصیل درج ہے تاکہ حجاج کرام کو منیٰ میں قیام کے دوران میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
دنیا بھر کے مختلف ممالک سے جمعرات تک قریباً 20 لاکھ عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، ان میں سب سے زیادہ تعداد انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والے عازمین کی ہے، جو تقریباً ڈھائی لاکھ کے لگ بھگ ہیں، اس کے بعد پاکستان کا نمبر ہے، جہاں سے 2 لاکھ افراد حج کی سعادت حاصل کرنے کیلئے پہنچ چکے ہیں۔
رواں سال 13 پاکستانی مکاتب ٹرین زون، 23 منیٰ قدیم اور 24 نیو منیٰ میں واقع ہیں، ٹرین اسٹیشنوں کے نزدیک 13 پاکستانی مکاتب واقع ہیں، ان سے تعلق رکھنے والے 54 ہزار عازمین کو مشاعر ٹرین کی سہولت دستیاب ہوگی، دوسرے پاکستانی عازمین کیلئے بسوں کا انتظام کیا گیا ہے۔
عازمین 8 ذی الحجہ کا دن منیٰ میں اپنے خیموں ہی میں گزاریں گے، حج کا رکن اعظم وقوف عرفات ہفتہ (10 اگست) کو ہوگا، عازمین میدان عرفات میں مسجد نمرہ میں خطبہ حج سنیں گے اور نمازِ ظہر و عصر بیک وقت ایک اذان اور الگ الگ اقامت سے ادا کریں گے، وہ غروب آفتاب تک میدان عرفات میں وقوف کریں گے۔
جس کے بعد عازمین مزدلفہ روانہ ہوجائیں گے اور وہاں پہنچ کر مغرب اور عشاء کی نمازیں ایک وقت میں ایک اذان اور 2 اقامتوں کے ساتھ باجماعت یا الگ الگ ادا کریں گے، حجاج مزدلفہ میں رات کھلے آسمان تلے گزارتے ہیں اور رمی جمرات کیلئے 70 عدد کنکریاں چنتے ہیں، حجاج کرام یہاں اپنے رب کے حضور مناجات کے ساتھ سنت کے مطابق آرام بھی کرتے ہیں۔
حجاج 10 ذی الحج کو کی فجر تک رات بھر مناجات کریں گے جس کے بعد شیطانوں کو کنکریاں مارنے کے بعد قربانی کریں گے اور بال کٹوائیں گے اور احرام کھول دیں گے۔
Comments
Post a Comment