حلال فوڈ اتھارٹی شہریوں کو محفوظ خوراک فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے

خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی شہریوں کو صاف، معیاری اور محفوظ خوراک فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے ہمارے اقدامات کے نتیجے میں پورے خیبر پختونخوا میں ہوٹلوں، بیکریوں اور دیگر غذائی مراکز میں صفائی کا نظام بہتر ہونے سے لوگوں کو معیاری اشیاءمل رہی ہیں عوام کسی بھی شکایت کی صورت میں ہمارے دئے گئے نمبروں پر رابطہ کرکے ہماری رہنمائی کریں ان خیالات کا اظہار خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی سوات کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز محمد عباس، سجاد خان اور ممتاز عالم دین مفتی سردراز فیضی نے پختونخوا ریڈیو سوات کے پروگرام ”حال احوال“ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ اسلام دین فطرت ہے جو انسان کو ہمیشہ حلال اور پاک صاف خوراک فراہم کرنے کی تعلیم دیتا ہے جس کیلئے حلال فوڈ اتھارٹی اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھا رہی ہے پروگرام کے میزبان فضل خالق خان کے سوال پر اسسٹنٹ ڈائریکٹرز محمدعباس اور سجاد خان نے مزید بتایا کہ سوات میں ابتدائی طور پر کافی مسائل کا سامنا تھا لیکن اب اللہ کے فضل وکرم سے ان پر کافی حدتک قابو پالیا گیا ہے مختلف مقامات باالخصوص سیاحتی مقامات مالم جبہ، بحرین، مدین اور کالام میں حالیہ دنوں میں کارروائیوں کے دوران زائد المیعاد اشیاءفراہم کرنے پر متعلقہ اداروں اور کمپنیوں کے خلاف سخت اقدامات اُٹھائے گئے جس سے وہاں آنے والے سیاحوں کو معیاری خوراک کی فراہمی ممکن بنی اس کے علاوہ ہم نے دیگر کارروائیوں میں دودھ فروخت کرنے والوں، چپس اور پاپڑ بنانے والوں کے خلاف کارروائیوں میں حالات کو اس نہج پر پہنچا دیا ہے کہ اب وہ غیر معیاری دودھ، تیل اور دیگر مصالحہ جات کے استعمال کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتے اس کے علاوہ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ صبح کے وقت سکول جانے والے بچوں کو پیسے دے کر سکول کینٹین سے کھانے کی بجائے گھر میں اپنے ہاتھوں سے صاف ستھرا کھانا پکا کر دیں تاکہ وہ باہر کی غیر معیار ی اشیاءکھانے کے نتیجے میں بیماریوں میں مبتلا ہونے سے محفوظ رہ سکیں انہوں نے لوگوں کو اپنا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ کے پی فوڈ اتھارٹی اپنے حصے کا کام اچھی طرح کررہی ہے عوام باہر ممالک کی اشیائے خوراک استعمال کرنے کی بجائے اگر ملکی اداروں کی تیارکردہ اشیاءاستعمال کریں تو اس کے دُہرے فوائد ملیں گے ایک تو حلال اشیائکا استعمال ممکن بلکہ یقینی بن جائے گا اور دوسرا مقامی اداروں کی اشیاءبکنے سے ملک ہی کو فائدہ ہوگا تاہم کسی بھی شکایت کی صورت میں عوام ہمارے لینڈ لائن فون نمبر 0946-721071 پر رپورٹ کرسکتے ہیں جس پر ادارے کے حکام فوری کارروائی عمل میں لائیں گے پروگرام کے آخر میں مفتی سردراز نے بھی اپنے پیغام میں سامعین سے استدعا کی کہ وہ خود بھی اور اپنے بچوں کو بھی پاک و صاف اور حلال اشیاءکھانے کی جستجو کریں دین اسلام کا آفاقی پیغام بھی ہمیں یہی درس دیتا ہے کہ پاک رزق کا حصول اور اپنے اہل و عیال کو حلال کھلانا عین عبادت ہے جس سے ہمیں دنیاوی نفع کے ساتھ ساتھ اُخروی کامیابی بھی ہاتھ آسکتی ہے۔

Comments