امریکا نے چین کو کرنسی سے چھیڑ چھاڑ کرنے والا ملک قرار دے دیا

امریکا نے چین کو باضابطہ طور پر کرنسی سے چھیڑ چھاڑ کرنے والا ملک قرار دے دیا ہے۔ گزشتہ روز اہم کرنسیوں کے مقابلے میں چینی یوآن کی قدر میں ریکارڈ کمی نوٹ کی گئی تھی۔ بیجنگ کے اپنی کرنسی کی قدر میں کمی نہ روکنے کے اقدام کو امریکا اور چین کے مابین جاری تجارتی جنگ میں چینی ردِ عمل قرار دیا جا رہا ہے۔ واشنگٹن حکومت کے مطابق امریکا چینی کرنسی کی قدر میں کمی کے باعث چین کو حاصل ہونے والی ’غیر منصفانہ تجارتی مسابقت‘ کے خاتمے کے لیے آئی ایم ایف سے رجوع کرے گا۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ امریکا کے چین کو ’کرنسی میں چھیڑ چھاڑ کرنے والا ملک‘ قرار دیے جانے کے بعد دنیا کی دونوں بڑی اقتصادی طاقتوں کے مابین تجارتی جنگ مزید شدت اختیار کر لے گی۔

Comments