وزیراعظم کی اسٹیل ملز کی بحالی کی کوششیں تیز کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اسٹیل ملز کی بحالی کی کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا جس میں مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت رزاق داؤد اور سیکریٹری وزارت صنعت و سیکریٹری نجکاری نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو اسٹیل ملز کی صورتحال اور بندش کی وجہ سے نقصانات سمیت ملز کی بحالی کیلئے موجودہ حکومت کے فیصلوں پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اسٹیل ملز 2008 تک منافع بخش ادارہ تھا جو 2009 میں نقصانات کا شکار ہوئی، جون 2015 میں اسٹیل ملز کو مکمل طور پر بند کردیا گیا، تنخواہوں کی ادائیگیوں کی مد میں 37کروڑ ماہانہ اخراجات ہو رہے ہیں، اب تک اسٹیل ملز کے ذمہ واجبات 217 ارب تک پہنچ چکے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ اسٹیل ملز کو نقصانات سے بچانا اور اس کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے، ایک منافع بخش ادارے کی تباہی ماضی کی بد انتظامی اورغفلت کی واضح مثال ہے۔
وزیرِاعظم نے وزارتِ صنعت کواسٹیل ملز کی بحالی کی کوششیں تیزکرنے کی ہدایت کردی۔

Comments