پلاسٹک بیگ پر پابندی مہم ملک کے دیگر شہروں تک پھیلانے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پلاسٹک بیگ پر پابندی مہم کو ملک کے دیگر شہروں تک پھیلانے کی ہدایت دے دی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ’کلین اینڈ گرین پاکستان‘منصوبے سے متعلق اجلاس ہوا جس میں مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے بریفنگ دی۔
امین اسلم نے بریفنگ میں بتایا کہ ٹین بلین ٹری سونامی منصوبے کے تحت صوبائی سطح پر منصوبہ بندی کا عمل مکمل کر لیا گیا، ٹین بلین ٹری سونامی منصوبے کے سلسلے میں پی سی ون تشکیل دیے جا چکے ہیں، منصوبے کے پہلے مرحلے میں تقریبا سوا 3 ارب پودے لگائے جائیں گے جس کا 2 سال بعد جائزہ لیا جائے گا۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پلاسٹک بیگ پر پابندی کے آغاز میں ہی نہایت حوصلہ افزا نتائج موصول ہوئے، الیکٹرک وہیکلز کے ضمن میں پالیسی مرتب کر لی گئی ہے جو جلد کابینہ کے سامنے پیش کی جائے گی۔
بریفنگ میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ کلین اینڈ گرین پاکستان انڈیکس منصوبے کا آغاز ستمبر میں کیا جائے گا، منصوبے سے ہریالی، صفائی کے معیار پر شہروں اور مضافاتی علاقہ جات کی درجہ بندی کی جائے گی، پہلے مرحلے میں پنجاب کے 12، خیبرپختونخوا کے 7 شہروں میں منصوبے کو شروع کیا جائے گا جب کہ کل شروع کی جانے والی شجر کاری مہم کے دوران  3 کروڑ پودے لگائے جائیں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے ہدایت دی کہ ماحولیات کودرپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہر طبقے کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے، پلاسٹک بیگ پر پابندی مہم میں عوام کا مثبت ردعمل نہایت حوصلہ افزاء ہے، اس مہم کو مکمل طور پر کامیاب بنانے کے لیے طلباء کی بھرپور شرکت پر خصوصی توجہ دی جائے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ماحولیات کے تحفظ کے حوالے سے وفاقی دارالحکومت کو ماڈل سٹی بنایا جائے، پلاسٹک بیگ پر پابندی مہم کو ملک کے دیگر شہروں تک پھیلایا جائے۔

Comments