امریکا پابندیاں ختم کرے تو مذاکرات کے حق میں ہیں، روحانی

ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ اگر امریکا ایران پر عائد پابندیاں ختم کر دے تو بات چیت ممکن ہے۔ صدر روحانی نے یہ بات منگل کے روز ملکی دفتر خارجہ میں جواد ظریف سے ملاقات کے بعد کہی۔ جواد ظریف امریکی صدر کے ساتھ ملاقات یا مذاکرات کے امکان کو رد کرتے رہے ہیں۔ ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق صدر روحانی کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکا اگر مذاکرات کی خواہش رکھتا ہے تو اس کے لیے انہیں راہ ہموار کرنا ہو گی۔ انہوں نے ایران کے خلاف امریکا کی یکطرفہ پابندیوں کو ’معاشی دہشت گردی‘ قرار دیا۔ امریکا نے گزشتہ برس مئی میں ایران اور عالمی طاقتوں کے مابین سن 2015 میں طے پانے والے جوہری معاہدے سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔ ٹرمپ انتظامیہ نے اس کے بعد سے ایران کے خلاف سخت اقتصادی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔

Comments