سعودی عرب، 27 ستمبر سے سیاحتی ویزے جاری کرنیکا اعلان

سعودی عرب نے 27 ستمبر سے 51 ممالک کے شہریوں کیلئے سیاحتی ویزے جاری کرنے کا اعلان کردیا۔
سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کیلئے سیاحتی ویزے کی فیس 300 ریال (12 ہزار 580 روپے) ہوگی تاہم درخواست گزار کو میڈیکل انشورنس کیلئے 140 ریال بھی ادا کرنے ہونگے، جس کے بعد مجموعی طور پر سیاحتی ویزے کی فیس 440 ریال (18 ہزار 451 روپے) ہوگی۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے سیاحتی ویزے کی معیاد ایک سال ہوگی اور اس
مدت کے دوران ایک دورے میں زیادہ سے زیادہ 3 مہینے قیام کیا جاسکے گا جبکہ مجموعی طور پر مختلف دوروں میں سیاح زیادہ سے زیادہ 180 روز قیام کرسکیں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کوئی بھی سیاح سعودی عرب کا ویزا آن لائن پلیٹ فارم سے صرف 30 منٹ میں حاصل کرسکتا ہے، اس کے علاوہ سیاحوں کیلئے ”ویزا آن آرائیول“ کی سہولت بھی دی گئی ہے جبکہ سیاح کیلئے ویزا حاصل کرنے کیلئے ہوٹل کی بکنگ اور ریٹرن ٹکٹ بھی شرائط میں شامل نہیں ہے، صرف سیاح کی رہائش کے بارے میں معلومات ہی کافی ہوں گی۔
رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے سیاحتی ویزے کیلئے پیپر کاپی کی بھی ضرورت نہیں، ڈیجیٹل کاپی کو ترجیح دی جائے گی، ویزا حاصل کرنے کیلئے ضروری ہے کہ پاسپورٹ کی معیاد کم از کم 6 مہینے ہو۔
سعودی جریدے کے مطابق مسلمان سیاحوں کو دورے کے دوران عمرے کی ادائیگی کی بھی اجازت ہوگی، وہ مکہ اور مدینہ کے ساتھ ساتھ سعودی عرب کے تمام شہروں کا دورہ کر سکتے ہیں۔
سعودی عرب کے سیاحتی ویزے کے حصول کیلئے درخواست گزار کی عمر کم از کم 18 برس ہونی چاہئے، سیاح کو بیان حلفی بھی جمع کروانا ہوگا کہ اس کے فراہم کردہ تمام کوائف درست ہیں، خلاف ورزی کی صورت میں حکام کے پاس ایسے شخص کا مملکت میں داخلہ روکنے کا اختیار ہوگا۔

Comments