آج یوم دفاع اورشہداء یوم یکجہتی کشمیر کے طورپر منایاجارہاہے

شہداء اورغازیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے آج یوم دفاع اورشہداء اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا جارہاہے کہ تمام خطرات کے خلاف وطن کادفاع کیاجائے گا۔
1965ء میں اس دن بھارتی فوج نے رات کی تاریکی میں بین الاقوامی سرحد پار کرکے پاکستان پرحملہ کیا تھا تاہم قوم نے دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنادیئے۔
یوم دفاع اورشہداء یوم یکجہتی کشمیر کے طورپربھی منایاجارہاہے جس کامقصد مظلوم کشمیریوں کے ساتھ پاکستانی عوام کی حمایت کااعادہ کرناہے جو ایک ماہ سے زائدعرصے سے سخت محاصرے میں ہیں۔
نمازفجر کے بعدمساجدمیں ملک کی ترقی اور خوشحالی اوربھارت کے ظالمانہ تسلط سے مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
وفاقی دارالحکومت میں دن کاآغاز31اورصوبائی دارالحکومتوں میں21،21توپوں کی سلامی سے ہوا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق آج تین بجے سہ پہر ملک بھرمیں تمام دفاتربندکردیئے جائیں گے اورکشمیری عوام سے اظہاریکجہتی کیاجائے گا۔
صدرڈاکٹرعارف علوی اوروزیراعظم عمران خان نے یوم دفاع اورشہداء کے موقع پر اپنے پیغامات میں کہاہے کہ قوم دشمن کی کسی بھی مہم جوئی سے پوری طرح آگاہ ہے اور ممکنہ طورپرردعمل کے لئے تیارہے۔
صدرنے اپنے پیغام میں واضح کیاکہ پاک فوج جدیدہتھیاروں اوراسلحے سے لیس ہونے سمیت حب الوطنی اورقربانی کے جذبے سے سرشارہے اور کسی بھی اندرونی وبیرونی خطرے سے نمٹنے کے لئے بھرپورصلاحیت رکھتی ہے۔
صدرنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کابھی اعادہ کیا اوراس عزم کی تجدیدکی کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہاکہ ہماری مسلح افواج ،قوم، سیاسی قیادت، پارلیمنٹ کے دونوں ایوان اور سوشل میڈیا مقبوضہ کشمیر کی حیثیت میں تبدیلی کے یکطرفہ اورغیرقانونی بھارتی فیصلے کے خلاف یک آوازہیں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کی تاریخ میں یوم دفاع پاکستان قومی اتحاد، ناقابل تسخیرہمت وحوصلہ اورہمارے بہادرفوجی جوانوں کی بے مثال قربانیوں کی علامت ہے۔

Comments