گجرات: شاپنگ سینٹر میں آگ لگنے سے 15 سالہ لڑکی جاں بحق

گجرات کے شاپنگ سینٹر میں آگ لگنے سے 15 سالہ لڑکی جھلس کر جاں بحق ہوگئی۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ گجرات میں بمبر روڈ پر علینا شاپنگ سینٹر میں صبح 8 بجے آگ لگی جس پر کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد قابو پالیا گیا۔
8 منزلہ شاپنگ سینٹر میں آگ لگنے کی وجہ سامنے نہیں آسکی۔
شاپنگ سینٹر میں آگ لگنے سے متعدد دکانیں جلنے سے کروڑوں مالیت کا سامان خاکستر ہوگیا جبکہ قریب کھڑی گاڑیاں بھی متاثر ہوئیں۔
فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق ریسکیو کی 14 ٹیموں کے 100 سے زائد عملے نے امدادی کاروائیوں میں حصہ لیا۔
امدادی کارروائی کے دوران شاپنگ پلازہ کے اوپر رہائش پذیر لوگوں کو بچالیا گیا۔
اس ضمن میں بتایا گیا کہ علینا شاپنگ سینٹر مسلم لیگ (ن) کے رہنما حاجی اورنگزیب بٹ کی ملکیت ہے۔
خیال رہے کہ پنجاب کی متعدد کمرشل اور رہائشی عمارتوں میں سول ڈیفنس کے ناقص انتظامات ہیں۔
گزشتہ برس ستمبر میں محکمہ سول ڈیفنس نے انکشاف کیا تھا کہ شہر کی 125 سے زائد عمارتوں میں فائر سسٹم، فائر الارم، ایمرجنسی دروازے اور آگ بجھانے کے آلات نہ ہونے کے باعث تقریباً 60 ہزار سے زائد شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔
مذکورہ رپورٹ علی ٹاور میں لگنے والی آگ سے متعلق ابتدائی تحقیقات کے بعد سامنے آئی کہ پلازہ کی انتظامیہ کو سول ڈیفنس کی جانب سے فائر سیفٹی کے ناقص انتظامات پر 28 اگست کو نوٹس جاری کیا گیا تھا۔

Comments