نواز شریف کی حالت بدستور تشویشناک، پلیٹ لیٹس 20 ہزار رہ گئے، گردے بھی متاثر

سابق وزیر اعظم نواز شریف کی حالت بدستور تشویشناک ہے، پلیٹ لیٹس 25 ہزار سے کم ہو کر 20 ہزار رہ گئے، ان میں اتار چڑھاؤ کے ساتھ ساتھ نواز شریف کو انجائنا کی تکلیف کا سامنا ہے، گردے بھی متاثر ہونے لگے. پلیٹ‌ لیٹس میں‌ کمی کے باعث‌ انجیو گرافی نہیں‌ کی جا سکتی، میڈیکل بورڈ نے دوبارہ معائنے کے بعد اہم ٹیسٹ‌ تجویز کر دیئے.  سروسز ہسپتال میں گزشتہ 7 روز سے زیر علاج نواز شریف کی طبیعت تاحال سنبھل نہیں سکی، پلیٹ لیٹس میں اتار چڑھاؤ کا سامنا ہے، میڈیکل بورڈ نواز شریف کے علاج معالجے میں تذبذب کا شکار ہے۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق سٹیرائیڈز دینے سے نواز شریف کا بلڈ پریشر اور شوگر لیول خراب ہو جاتا ہے، نواز شریف کے پلیٹ لیٹس پر توجہ دیں تو دل اور گردوں کے مسائل بڑھ رہے ہیں، سابق وزیراعظم کو آئی وی آئی جی انجیکشن کے ساتھ سٹیرائیڈز بھی دیئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پلیٹلیٹس بڑھانے کے لئے سٹیرائیڈز کا استعمال کیا جا رہا ہے، نواز شریف کے گردوں کے ٹیسٹ خراب آئے ہیں، سٹیرائیڈز دینا ضروری ہیں لیکن اس سے بلڈ پریشر اور شوگر بڑھ گیا تو دوسری جانب گردوں پر بھی منفی اثر ہونے لگا ہے، دل کی ادویات روک دی گئیں۔ ذرائع میڈیکل بورڈ کا کہنا ہے پلیٹ لیٹس کی تعداد گرنے کے سبب دل کی ادویات نہیں دی جا سکتیں، دل کا سنگین مسئلہ ہے لیکن پلیٹ لیٹس کا گرنا بھی تشویشناک ہے۔
واضح رہے کہ نواز شریف میڈیکل بورڈ پر اطمینان کا اظہار کر چکے ہیں۔ ذارئع کے مطابق نواز شریف مزید علاج سروسز ہسپتال سے ہی کروائیں گے، مریم نواز بھی والد کی تیمارداری کے لیے ہسپتال میں موجود ہیں۔

Comments