معاشیات کا نوبیل انعام 3 امریکیوں کے نام

معاشیات کا نوبیل انعام برائے سال2019 ایک بھارتی نژاد شہری سمیت 3 امریکیوں نے جیت لیا۔
سوئیڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم کی رائل سوئیڈش اکیڈمی میں ہونے والی ایک تقریب میں نوبیل انعام برائے معاشیات کا اعلان کیا گیا جو کہ بھارتی نژاد امریکی شہری ابھجیت بنرجی، فرانسیسی  نژاد امریکی خاتون استھر ڈُفلو اور امریکا ہی کے مائیکل کریمر نے جیتا۔
نوبیل کمیٹی کے مطابق تینوں ماہرین معاشیات کو یہ انعام دنیا میں غربت کے خاتمے کے لیے ان کی خدمات پر دیا گیا ہے۔
رائل سوئیڈش اکیڈمی کا کہنا ہے کہ ان تینوں نے عالمی سطح پر غربت کے خاتمے کے لیے نئے اور قابل بھروسہ طریقہ کار متعارف کروائے ہیں۔
واضح رہے کہ فرانسیسی نژاد امریکی خاتون استھر ڈُفلو  سال 2019 میں  نوبیل انعام حاصل کرنے والی واحد خاتون ہیں۔
 اس کے علاوہ نوبیل انعام کی اب تک کی تاریخ میں استھر ڈُفلو دوسری خاتون ہیں جنہیں معاشیات کے میدان میں نوبیل انعام دیا گیا ہے۔
ان سے قبل 2009 میں ایک امریکی خاتون ایلینز اوسٹرم کو معاشیات کے میدان میں خدمات کے اعتراف میں نوبیل انعام دیا گیا تھا۔

ادب کے نوبیل انعام پر تنازع

واضح رہے کہ سال 2018 کا نوبیل انعام متنازع ہونے کی وجہ سے پچھلے سال ملتوی کر دیا گیا تھا۔
انعام دینے کا فیصلہ کرنے والی سوئیڈش اکیڈمی کی ایک خاتون ممبر کے شوہر پر دیگر خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات تھے جن میں سوئیڈن کی شہزادی بھی شامل تھیں۔
خاتون ممبر نے اپنے شوہر پر الزامات سامنے آنے کے بعد کمیٹی سے استعفیٰ دے دیا تھا جب کہ ان کے شوہر کو بعد ازاں الزامات ثابت ہونے پر 2 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
رواں سال 2019 کے علاوہ سال 2018 کیلئے بھی ادب کے نوبیل انعام کا اعلان کیا گیا۔
ادب کے شعبے کا نوبیل انعام برائے 2019 آسٹریا کے مصنف پیٹر ہاندکے نے جیت لیا جب کہ گذشتہ سال کا ملتوی ہونے والا نوبیل انعام برائے ادب پولینڈ کی مصنفہ اولگا توکرزک کو دیا گیا۔

Comments