برطانیہ میں ٹرالر پر موجود کنٹینر سے 39افراد کی لاشیں برآمد

برطانیہ کے علاقے ایسکس میں ایک ٹرالر پر موجود کنٹینر سے 39 افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ لاشیں ایک نوعمر لڑکے اور 38 بالغ افراد کی ہیں، اس ہولناک واقعے نے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کو بھی پریشان کردیا۔
ایک دو نہیں 39 انسانی لاشوں کے کنٹینرنے پورے برطانیہ میں سنسنی پھیلادی،دن ایک بج کر 40منٹ پرایمبولینس سروس نے پولیس کو ایک مشتبہ کنٹینر کی اطلاع دی۔یہ کنٹینر گریزایریا کی ایسٹرن ایوینیو پر واٹرگلی انڈسٹریل پارک میں موجود تھا۔
پولیس نے کنٹینر کھولا توایک نوعمر لڑکے اور 38 بالغ افراد کی لاشیں موجود تھیں،کنٹینر کے ڈرائیور کو قتل کے شبے میں گرفتار کر لیا گیا۔25 سالہ مو رابنس کا کا تعلق شمالی آئرلینڈ سے ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کنٹینربلغاریہ سے آرہا تھا اوروہ اتوارکے روزبرطانیہ میں ہولی ہیڈ کے راستے داخل ہوا تھا،لاشوں کی شناخت کی جارہی ہے۔
برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ وہ اس اندوہناک واقعے پر پریشان ہیں۔

Comments