کالکی بھگوان کے آشرم پر چھاپہ، 600 کروڑ نقدی اور 88 کلو سونا برآمد

بھارت کے مذہبی رہنما کالکی بھگوان کے گھر اور ان کے آشرموں سے انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران 45 کروڑ روپے نقدی، 88 کلو گرام سونا، 1271 قیراط ہیرے اور 600 کروڑ روپے سے زائد پوشیدہ آمدنی کی کیش رسیدیں برآمد کی ہیں۔
غیرملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ آف انڈیا نے 16 اکتوبر کو کالکی بھگوان کے مختلف آشرموں کا سرچ آپریشن شروع کیا اور 5 روزہ اس سرچ آپریشن کے دوران 45 کروڑ بھارتی روپے، 88 کلو گرام سونے کے زیورات، 1271 قیراط ہیرے اور 600 کروڑ روپے سے زائد پوشیدہ آمدنی کی کیش رسیدیں برآمد کی ہیں۔
انکم ٹیکس کے چھاپے کے بعد کالکی بھگوان نے دعویٰ کیا ہے کہ ‘ہم اب مزید طاقتور ہوجائیں گے’۔
اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ ‘ہم ملک سے بھاگے نہیں ہیں نہ ہی حکومت اور نہ ہی محکمہ آئی ٹی نے یہ کہا ہے کہ ہم ملک سے فرار ہوگئے ہیں۔ یہ دعویٰ صرف میڈیا ہی کررہا ہے’۔
انہوں نے اپنے بھگتوں سے کہا ہے کہ ‘میں یا میری اہلیہ آپ کو چھوڑ کر کہیں نہیں جائیں گے بلکہ ہم پہلے سے زیادہ طاقتور ہوجائیں گے، ہم آپ کے سچے دوست ہیں اور آپ کے ہر مسئلے کے حل میں آپ کی مدد جاری رکھیں گے’۔
واضح رہے کہ 70 سالہ کالکی بھگوان (وجے کمار) نے 90 کی دہائی میں خود کو وشنو بھگوان کا 10 واں اوتار ظاہر کیا تھا۔

Comments