رحیم یارخان میں تیزگام ایکسپریس میں آگ لگ گئی،73 افرادجاں بحق

آج (جمعرات) صبح رحیم یارخان میں لیاقت پور کے مقام پرتیزگام ایکسپریس میں سلنڈرپھٹنے سے تین بوگیوں میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں  73 افرادجاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ آتشزدگی کایہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بعض مسافروں نے ناشتہ بنانے کے لئے گیس کاچولہاجلایاتو گیس سلنڈرکے دھماکے سے تین مسافربوگیاں آگ کی لپیٹ میں آگئیں۔ زخمیوں کوقریبی ہسپتالوں میں منتقل کیاجارہاہے جبکہ امدادی ٹیمیں آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔ٹرین کراچی سے راولپنڈی آرہی تھی۔
ڈاکٹروں اور طبی عملے سمیت پاک فوج کے دستے بچاو اور امدادی کارروائی کےلئے ٹرین حادثے  کی جگہ پر پہنچ گئے ہیں۔
 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی ایوی ایشن کےہیلی کاپٹر شدید زخمیوں کو حادثے کی جگہ سے نکال رہے ہیں۔
دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے تیزگام ایکسپریس میں آگ لگنے کے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اورافسوس کااظہارکیاہے۔وزیراعظم نے سوگوارخاندانوں سے تعزیت کی ہے ۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کوفوری اوربہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔
اطلاعات ونشریات کے بارے میں معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے بھی تیزگام ٹرین  کے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے ۔
انہوں نے سوگوارخاندانوں سے تعزیت کی  ہے۔

Comments