پاکستان کا ایل اوسی پرجنگ بندی کی حالیہ خلاف ورزیوں پر بھارت سے شدید احتجاج

پاکستان نے کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی حالیہ خلاف ورزیوں پر بھارت سے شدید احتجاج کیا ہے جن کے نتیجے میں  تین بے گناہ شہری شہید ہوئے ۔
جنوبی ایشیا اور سارک کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد فیصل نے آج بھارتی ڈپٹی  ہائی کمشنر گوروو Ahluwalia کو طلب کرکے شاہ کوٹ اور کھوئی رٹہ سیکٹروں میں قابض بھارتی فوج کی طرف سے جنگ بندی کی بلا اشتعال خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔
 ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارت پر زور دیا کہ وہ 2003 کے جنگ بندی معاہدے کی اس کی روح کے مطابق پاسداری کرے اور کنٹرول لائن اور ورکنگ باونڈری پر امن برقرار رکھے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بھارت اقوام متحدہ کے فوجی مبصرگروپ کو سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق اپنا کردار ادا کرنے کی اجازت دے۔
 ڈاکٹر محمد فیصل نےکہا کہ بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں علاقائی امن و استحکام کےلئے خطرہ ہیں اور یہ کسی تذویراتی تصادم کاباعث بن سکتی ہیں۔
 قابض بھارتی فوج کنٹرول لائن اور ورکنگ باونڈری پر توپ خانے،بھاری گولہ باری اور خودکار ہتھیاروں کے ساتھ شہری آبادی والے علاقوں کو مسلسل نشانہ بنا تی رہی ہے اور یہ سلسلہ ابھی تک جاری ہے ،بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں میں یہ اضافہ سال 2017 سے جاری ہے جب بھارت نے جنگ بندی کی ایک ہزار 970 خلاف ورزیاں کی تھیں۔

Comments