ایٹمی جنگ کیلئے ڈیزائن کیا گیا طیارہ ایک پرندے نے برباد کردیا

انا پولس: ایٹمی جنگ سے بچنے کیلئے تیار کیا گیا خصوصی امریکی طیارہ ایک پرندے کی وجہ سے تباہ ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق بوئنگ ای 6 بی مرکری نامی اس طیارے کا ایک انجن ریاست میری لینڈ میں پندہ ٹکرانے کے باعث تباہ ہوگیا۔
یہ حادثہ پاٹوکسینٹ دریا کے پاس نیول ایئر اسٹیشن کے قریب پیش آیا، جس کے نتیجے میں امریکا کو کم از کم 2 ملین ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا۔
امریکی بحریہ کے فضائی وار فیئر سینٹر کے ایئر کرافٹ ڈویژن کے ترجمان ٹم باﺅلے نے اپنے بیان میں کہا کہ طیارے کے انجن کو درست کردیا گیا ہے، تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ کس قسم کا پرندہ طیارے کے انجن سے ٹکرایا تھا۔
اس حادثے کو کلاس اے کی درجہ بندی میں رکھا گیا ہے، طیاروں کو پیش آنے والے ایسے حادثات جن میں 2 ملین ڈالر سے زائد مالی نقصان، کوئی جانی نقصان یا مستقل معذوری کا واقعہ پیش آتا ہے تو اس کو کلاس اے حادثہ قرار دیا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ جس طیارے کو حادثہ پیش آیا ہے اس کی مالیت 141 ملین ڈالر (تقریباً 22 ارب روپے) ہے۔ 22 نشستوں کے اس طیارے کے 4 انجن ہیں اور یہ ایٹمی جنگ کیلئے خصوصی طور پر تیار کیا گیا ہے۔

Comments