صحت کی بروقت اور معیاری خدمات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے پیر کے روز لاہور میں پنجاب میں صحت کی خدمات میں بہتری اور اصلاحات کے بارے میں اعلیٰ سطح کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحت کی بروقت اور معیاری خدمات کی فراہمی موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے اس سلسلے میں ہنگامی اقدامات کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ایک مربوط حکمت عملی کے تحت ایسے لائحہ عمل پر کام کررہی ہے جس میں ہر شہری کو بلاتفریق بہترین طبی سہولیات میسر ہوں گی۔
عمران خان نے محکمہ اوقاف کے زیر انتظام اراضی کی نشاندہی کی ضرورت پر زور دیا تاکہ وہ لیزر پر نجی شعبے کے ہسپتالوں کو دی جاسکیں اور صحت کارڈ کے حامل افراد ان ہسپتالوں سے اپنا علاج معالجہ کراسکیں۔
اجلاس کو نئے پروگرام کے تحت پانچ بڑے صوبائی ہسپتالوں میں خدمات کی بہتری، ہسپتالوں کی او پی ڈیز کی مرمت اوردیکھ بھال ، ہیلپ کائونٹر کے قیام اور ہسپتالوں کے مالی اور انتظامی امور بہتر بنانے کیلئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایاگیا کہ پنجاب کے تیس اضلاع میں صحت کارڈز کی تقسیم کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ باقی چھ اضلاع میں بھی یہ کارڈ جلد جاری کئے جائیں گے۔
وزیراعظم کو امراض قلب کے علاج کے نئے ہسپتال قائم کرنے کے منصوبوں اور صوبے میں ڈینگی پر قابو پانے کے اقدامات سے متعلق بھی بتایاگیا۔

Comments