برطانوی پارلیمنٹ نے قبل از وقت انتخابات کی منظوری دے دی

برطانوی پارلیمنٹ کے دارالعوام نے رواں برس بارہ دسمبر کو قبل از وقت پارلیمانی انتخابات کرانے کی منظوری دے دی ہے۔ اس قرارداد کے حق میں 438 اور مخالفت میں بیس ووٹ ڈالے گئے۔ ابھی اس فیصلے کی منظوری ایوانِ بالا یعنی دارلامراء سے حاصل کی جانا باقی ہے۔ مرکزی اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی نے انتخابات تین روز قبل یعنی نو دسمبر کو کرانے کی تجویز پیش کی تھی، جو منظور نہ ہو سکی۔ برطانوی وزیراعظم یہ چاہتے ہیں کہ وہ انتخابات میں بھاری کامیابی حاصل کر کے بریگزٹ ڈیل کی پارلیمانی منظوری حاصل کریں۔ یورپی یونین نے حال ہی میں بریگزٹ میں اکتیس جنوری سن 2020 تک کی توسیع کی برطانوی درخواست کو منظور کیا تھا۔

Comments