خصوصی اقتصادی زونز،حکومت صوبوں کو اعتماد میں لیکر اقدامات کرے گی،وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کے لئے تمام اقدامات صوبوں کو مکمل طور پر اعتماد میں لے کر کرے گی۔انہوں نے یہ بات بدھ کے روز اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ملک بھر میں خصوصی اقتصادی زونز کے قیام پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ان زونز کی ہنگامی بنیادوں پر تکمیل یقینی بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں۔عمران خان نے یہ بات زور دے کر کہی کہ خطے کے دیگر ممالک کی طرح ہمیں چین سے ٹیکنالوجی اور صنعتوں کی منتقلی کیلئے مراعات فراہم کرنے میں مسابقت کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں کاروباری سہولت کے حوالے سے نمایاں بہتری لائی ہے۔اس سے قبل اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے دوران بن قاسم، دھابیجی، رشاکئی اور حطار کے خصوصی اقتصادی زونز کو بجلی کی فراہمی کیلئے دو ارب 80 کروڑ روپے مالیت کے فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔2023ء تک مختلف خصوصی اقتصادی زونز کیلئے درکار مجموعی طور پر چھ سو نواسی ملین ملین مکعب فٹ یومیہ گیس میں سے ایک سود س ملین ملین مکعب فٹ یومیہ گیس کی فراہمی کے لئے تین ارب 75 لاکھ روپے کے اجراء کیلئے اضافی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔اجلاس کو سوفیصد غیرملکی ملکیت اور منافع اور فوائد کی منتقلی یقینی بنانے کیلئے تمام مقامی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے یکساں مراعات سے متعلق موجودہ آئینی طریقہ کار پر نظرثانی کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

Comments