وزیراعظم کی بچوں سے بدسلوکی جیسے گھناؤنے جرم کے خاتمے کیلئے جامع عوامی آگہی مہم شروع کرنے کی ہدایت

وزیراعظم عمران خان نے بچوں سے ناروا سلوک کے خاتمے کیلئے وسیع پیمانے پر عوامی آگاہی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے یہ بات پنجاب میں امن عامہ کی صورتحال کے حوالے سے پیر کے روز لاہور میں ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
وزیراعظم نے قصور اور چونیاں میں بچوں سے ناروا سلوک کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ان واقعات پر شدید افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے جرائم خدا کے غیض وغضب کو دعوت دیتے ہیں۔
عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب اور متعلقہ حکام کو قصور ، چونیاں اور دوسرے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے اور ایسے جرائم میں ملوث عناصر کی نشاندہی کیلئے مقامی علمائے کرام ، امیر طبقے ، اساتذہ اور والدین سے ملاقات کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کسی دباؤ کی صورت میں متعلقہ حکام کی پوری معاون کرے گی۔
انسپکٹر جنرل پنجاب نے شرکا کو صوبے میں جرائم کی روک تھام، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی، تھانہ کلچر میں تبدیلی ، پولیس عملے کی پیشہ ورانہ تربیت، اچھی شہرت کے حامل افسروں کی حوصلہ افزائی اور مجرموں کے خلاف عوامی آگاہی مہم سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعظم عمران خان کو بچوں کے ساتھ ناروا سلوک اور ان کی نازیبا تصاویر اور ویڈیو بنانے میں ملوث عناصر کے خلاف مربوط حکمت عملی کے تحت چھ ماہ میں واضح لائحہ عمل تیار کرنے سے متعلق آگاہ کیا گیا۔

Comments