چین کافنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے معاملے پرپاکستان کی دوٹوک حمایت کااعادہ

چین نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے معاملے پرپاکستان کی دوٹوک حمایت کااعادہ کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ اس پلیٹ فارم کو سیاست کی نذرنہیں ہونے دے گاکیونکہ بعض ممالک پاکستان کو بلیک لسٹ کرنے کی کوشش میں اپنے سیاسی ایجنڈے پرعمل پیراہیں۔چین کی وزارت خارجہ کے ایشیاء کے امورکی منصوبہ بندی کے محکمے کے ڈپٹی ڈائریکٹرجنرل یائووین نے بیجنگ میں پاکستان سے آئے ہوئے صحافیوں کے ایک گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ چین نے ہمیشہ پاکستان کاساتھ دیااوراس نے پاکستان کوبلیک لسٹ کرنے کی تمام کوششیں ناکام بنادی ہیں۔انہوں نے کہاکہ چین نے امریکہ اوربھارت پرواضح کردیاہے کہ چین فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے دائرہ کار سے ہٹ کرکوئی اقدام نہیں کرے گا۔یائووین نے کہاکہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کامقصد کسی ملک کو بلیک لسٹ کرنے کے بجائے دہشت گردوں کی مالی امداد کے خلاف کارروائی کے لئے اس ملک کی مدد کرناہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اپنے نیشنل ایکشن پلان پرموثرطریقے سے عمل کررہاہے اورچین نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی اوراس کے نظام کومضبوط بنانے کے لئے پاکستان کی حوصلہ افزائی کی ہے۔انہوں نے چینی صدر کے حالیہ دورہ بھارت کے حوالے سے کہاکہ صدر شی چن پنگ نے مقبوضہ جموں وکشمیرکی تازہ صورتحال کے حوالے سے پاکستان کی تشویش سے وزیراعظم نریندرمودی کوآگاہ کیاہے۔انہوں نے کہابھارت کوبتایاگیاہے کہ پاکستان اس کے ساتھ جنگ نہیں چاہتا اور تنازعہ کشمیر کو پُرامن بات چیت کے ذریعے حل کرناچاہتاہے۔انہوں نے پاکستان کی جانب سے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے ادارے کے قیام کا خیرمقدم کیا جس سے سی پیک منصوبوں پرکام کی رفتارتیز کرنے میں مددملے گی۔

Comments