وزیراعظم نے جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بھرپور ایکشن کی ہدایت کردی

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام اور حکومت مل کر جرم کا مقابلہ کر سکتے ہیں، افسران پر کوئی دباؤ آئے گا تو وہ ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔  وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں ایوان وزیراعلیٰ میں امن وامان کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں انھیں جمعیت علمائے اسلام کے آزادی مارچ سمیت اہم امور پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کو بچوں کے ساتھ زیادتی کے حوالے سے چھ ماہ کے اندر ایکشن پلان پر عملدرآمد کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے واقعات افسوسناک ہیں۔
وزیراعظم سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کی الگ الگ ملاقات ہوئی۔ عثمان بزدار نے نواز شریف کی صحت، آزادی مارچ اور دیگر معاملات پر بھی انھیں بریف کیا۔
گورنر پنجاب نے وزیراعظم کو بزنس پلان پر بھی بریفنگ دی۔ کارپوریٹ سیکٹر کو گورنر ہاؤس میں تقریبات کی اجازت دینے اور ہفتے کو بھی گورنر ہاؤس عوام کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت لوکل گورنمنٹ بارے اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں ویلج، پنچایت اور نیبرہڈ کونسل کے الیکشن مارچ دو ہزار بیس میں ہوں گے جبکہ لوکل میونسپل کونسل اور تحصیل کونسل کے انتخابات مئی دو ہزار بائیس میں ہوں گے۔

Comments