روسی افواج نے معاہدے کے مطابق شام میں ترکی کی سرحد کے قریب گشت کا آغاز کر دیا ہے۔ ادھر ترک صدر رجب طیب اردوان نے خبردار کیا ہے کہ اگر کردوں نے علاقہ خالی نہیں کیا تو انہیں تباہ وبرباد کر دیا جائے گا۔ ترکی کے ساتھ طے پائے معاہدے کے مطابق ماسکو کی فورسز نے ترکی کی سرحد سے دس کلومیٹر تک کے علاقے میں پیٹرولنگ شروع کر دی ہے۔
ترک صدر اردوان کے دورہ روس کے دوران طے پانے والے معاہدے کے مطابق ماسکو اور دمشق ترکی کے سرحدی علاقے سے کردوں کا انخلا یقینی بنائیں گے۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق روس دو سو چھیتر فوجی اور ملٹری ساز وسامان کے تینتیس یونٹ اگلے ہفتے شام روانہ کرے گا۔
ادھر ترک صدر نے خبردار کیا ہے کہ اگر کرد باغی سیف زون سے نہیں نکلے تو ترکی انہیں کچل دے گا۔ رجب طیب اردوان نے کرد رہنماؤں سے ملنے والے مغربی ممالک کے رہنماؤں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ دوسری جانب شام میں باغیوں کے آخری ٹھکانے ادلیب پر روسی فضائیہ نے فضائی بمباری کی ہے۔
Comments
Post a Comment