عراق : بغداداور بصرہ میں مظاہرے : مزید 13افراد ہلاک

عراق کے دارالحکومت بغداد اوربصرہ شہرمیں سکیورٹی فورسز کی مظاہرین پر فائرنگ سے مزید تیرہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں ۔
پولیس اور طبی ذرائع کے مطابق بصرہ میں سات اور بغداد میں چھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ عراق میں بیروزگاری، صحت اور تعلیم کی ناکافی سہولیات اور صاف پانی کی کمی کیخلاف یکم اکتوبر سےجاری مظاہروں میں اب تک دو سو ساٹھ سے زائدافراد ہلاک ہو چکے ہیں۔اقوام متحدہ کےسیکریٹری جنرل انتونیو گتریس نے عراق میں جاری مظاہروں میں ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں مسلسل اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔انتونیو گتریس نے ایک بیان میں کہا کہ مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کی پریشان کن رپورٹس مسلسل موصول ہورہی ہیں۔ تشدد سے گریز کیا جائے اور تشدد کی تمام کارروائیوں کی سنجیدگی سے تحقیقات ہونی چاہیے۔انھوں نے کہا کہ عراقی حکومت اور مظاہرین مذاکرات کے ذریعے مسئلے کا حل تلاش کریں۔

Comments