عوام کیلئےریلیف - حکومت کا بڑافیصلہ : یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کو6ارب روپے کی فراہمی کافیصلہ

وزیرِ اعظم عمران خان نے عوام الناس کو اشیائے ضروریہ کی کم قیمت پر فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے کا بڑا فیصلہ کرتے ہوئے چھ ارب روپے فوری طور پر یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کو فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔۔اسلام آباد میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی رقم سے آٹا، گھی، چینی، چاول اور دالوں کی قیمتوں میں واضح کمی آئے گی۔
وزیرِ اعظم کو بنیادی اشیائے ضروریہ جن میں آٹا، گھی، چینی، چاول اور دالوں کی قیمتوں کی موجودہ صورتحال اور ان میں کمی لانے کے حوالے سے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔۔چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے بتایا کہ حکومت کی جا نب سے چھ ارب روپے فوری طور پر فراہم کرنے سے بنیادی ضروری اشیا میں واضح کمی لائی جا سکے گی۔
وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ حکومت کی جانب سے فنڈز کی فوری فراہمی سے بیس کلو آٹے کی قیمت میں 132روپے، چینی کی فی کلو قیمت میں 09روپے، گھی کی قیمت فی کلو 30روپے، چاول کی فی کلو قیمت میں 20روپے اوردالوں کی قیمت میں 15روپے تک کمی سے یہ اشیا یوٹیلیٹی اسٹورز سے عوام کو فراہم کی جائیں گی۔ وزیرِ اعظم کو یوٹیلیٹی اسٹورز میں کرپشن کے سدباب اور اشیاء کی خوردبرد روکنے اور عوام تک اشیائے ضروریہ کی وافر سپلائی یقینی بنانے کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات پر تفصیلی طور پر بریف کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے لئے بڑی مقدار میں اشیاء کی خرید کے بعد اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ وہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے گوداموںتک پوری مقدار میں پہنچیں جہاں ان کی خصوصی پیکنگ ہو کر یوٹیلیٹی اسٹورز تک ترسیل کی جائے گی۔ ان اقدامات کا مقصد یوٹیلیٹی اسٹورز سے جہاں کرپشن کا تدارک ہے وہاں اشیا کا معیار بھی یقینی بنانا ہے۔
وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ یوٹیلیٹی اسٹورز سے کرپشن کے مکمل خاتے کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جائے۔وزیرِ مواصلات مراد سعید نے بتایا کہ چار ہزار یوٹیلیٹی اسٹورز کے نیٹ ورک کے علاوہ ملک بھر میں پھیلے آٹھ سو پوسٹ آفسز کو بھی اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بہت جلد پاکستان پوسٹ آفس کی جانب سے اشیاء ضروریہ کی گھروں تک فراہمی کے لئے ہوم ڈیلیوری سروس بھی شروع کر دی جائے گی۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ کم آمدنی والے افراد اور غربت سے متاثرہ خاندانوں کو خصوصی ریلیف فراہم کیا جائے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ معیشت کی صورتحال کے پیش نظر حکومت نے مشکل فیصلے کیے۔ ان فیصلوں کی وجہ سے آج معیشت میں استحکام ہے اور اقتصادی اعشاریے بہتری ظاہر کر رہے ہیں۔ آئندہ دنوں میں اس میں مزید بہتری آئے گی۔ مشکل حالات کے باوجود عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی ہر ممکنہ کوشش جاری رکھی جائے گی: وزیرِاعظم
وزیرِ اعظم نے یوٹیلیٹی اسٹورز انتظامیہ کو ہدایت کی کہ حکومت کی جانب سے چھ ارب روپے کی فوری فراہمی کے بعد اشیاء ضروریہ کی عوام تک دستیابی کو جلد از جلد یقینی بنایا جائے۔

Comments