کل اتوار کو ملک بھر میں عید میلادالنبیﷺ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جائے گی

کل اتوار کو ملک بھر میں عید میلاد النبیۖ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جائے گی۔دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہوگا اور رات میں محافل نعت' کانفرنسوں کا اہتمام اور چراغاں کیا جائے گا۔مساجد میں اسلام کی بالادستی' مذہبی تعلیم کے فروغ' اتحاد' یکجہتی اور امت مسلمہ کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔سرکاری اور مذہبی تنظیموں' میلاد کمیٹیوں اور لوگوں نے اس دن کی مناسبت سے جلوسوں' سیمیناروں' کانفرنسوں اور مذاکروں سمیت متعدد پروگراموں کا اہتمام کیا ہے۔ملک بھر میں عید میلاد النبیۖ کے متعدد جلوس نکالے جائیں گے۔اس دن کے موقع پر سڑکوں' گلیوں' بازاروں' سرکاری اور نجی عمارتوں کو خوبصورتی سے اور رنگارنگ روشنیوں سے سجایا گیا ہے اور بینرز آویزاں کیے گئے ہیں جن پر عید میلاد النبیۖ کے بارے تحریریں درج ہیں۔

Comments