کرتارپورامن ، محبت اور خیر سگالی کی راہداری ہے:وزیر خارجہ

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کرتار پور راہداری کھولنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ امن ، محبت اور خیر سگالی کی راہداری ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا آج حکومت پاکستان کی طرف سے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے کئے گئے اقدامات کو دیکھ رہی ہے۔وزیرخارجہ نے کہا کہ اس تاریخی دن کا سہرا وزیراعظم عمران خان کے سر ہے جنہوں نے اسلامی تعلیمات اور قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی بات کی ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت نے چار سو گردواروں کی نشاندہی کی ہے جن کی تزئین وآرائش کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بابا گرونانک نے محبت، ہم آہنگی ، انسانیت کے احترام کا درس دیا اور صوفی بزرگوں نے بھی اسی پیغام کی تلقین کی۔انہوں نے کہا کہ امن کے اس پیغام کو مقبوضہ کشمیر تک پہنچنا چاہئے جہاں لوگوں کو ان کے گھروں تک محدود کردیاگیا ہے اور انہیں نماز جمعہ کی ادائیگی کی اجازت بھی نہیں ہے۔

Comments