ملکی معیشت مستحکم ، تمام اقتصادی اشاریے مثبت رجحان ظاہر کررہے ہیں:وزیراعظم

وزیراعظم  عمران خان نے کہا ہے کہ ملکی معیشت مستحکم ہے اور تمام اقتصادی اشاریے مثبت رجحان ظاہر کررہے ہیں۔ وہ آج اسلام آباد میں ہوا سے تین سو دس میگاواٹ بجلی پیداوار کے سپر 6 منصوبوں کی دستخطوں کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔
 وزیراعظم نے کہا کہ روپے کی قد ر بڑھ رہی ہے ،سٹاک ایکسچینج مثبت رجحانات ظاہر کررہی ہے اور برآمدات میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کا مقصد لوگوں کے لئے زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کرکے معاشرے کے نادار طبقے کی بہتری ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں پن بجلی پیدا کرنے کی وسیع صلاحیت موجود ہے تاہم درآمد شدہ تیل کے ساتھ مہنگی بجلی پیدا کی جارہی ہے۔
 انہوں نےکہا کہ ہوا سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں پر 45 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی اس میں سے 32 کروڑ ڈالر کا اہتمام عالمی بنک کے گروپ بین الاقوامی مالیاتی کارپوریشن کررہی ہے۔

Comments