داعش کے جرمن ارکان: ترکی بیس جہادیوں کو جرمنی واپس بھیج دے گا

ترک حکومت دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش سے تعلق رکھنے والے بیس جہادیوں کو واپس جرمنی بھیج دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔ یہ بات ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے ایک قریبی معتمِد نے بتائی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ شمالی شام میں ترک فوجی آپریشن کے آغاز کے بعد سے اب تک انقرہ کی فورسز ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے جرمنی سے تعلق رکھنے والے مزید چار جنگجوؤں کو گرفتار کر چکی ہیں۔ ان کے علاوہ سولہ دیگر جرمن جہادی ایسے ہیں، جو طویل عرصے سے ترکی کی مختلف جیلوں میں بند اپنی ملک بدری کے انتظار میں ہیں۔ قبل ازیں ترک وزیر داخلہ نے اس بات پر ایک بار پھر تنقید کی تھی کہ برطانیہ اور ہالینڈ سمیت کئی یورپی ممالک داعش کے جہادی اپنے شہریوں کو واپس لینے سے ہچکچا رہے ہیں۔

Comments