پاک فوج کے ترجمان میجرجنرل آصف غفورنے دوٹوک الفاظ میں کہاہے کہ قومی استحکام اور یکجہتی کونقصان نہیں پہنچانے دیاجائے گا اور ہم آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے حکومت کی حمایت کریں گے۔انہوں نے ایک نجی نیوزچینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاک فوج ایک قومی اور غیرجانبدارانہ ادارہ ہے جو آئین وقانون کی بالادستی پریقین رکھتا ہے اوراس نے کسی ایک جماعت کی نہیں بلکہ ہمیشہ منتخب جمہوری حکومتوں کی حمایت کی ہے۔انتخابات کی شفافیت کے بارے میں حزب اختلاف کی جماعتوں کی شکایات کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ فوج نے انتخابات میں اپنی قانونی وآئینی ذمہ داری پوری کی ہے۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹرجنرل نے کہاکہ حزب اختلاف کی مذاکراتی کمیٹی بہتر طریقے سے کام کررہی ہے اورہمیں امید ہے کہ یہ عمل اچھے انداز میں آگے چلے گا۔میجرجنرل آصف غفورنے کہاکہ حکومت کو قائم ہوئے ایک سال سے زائد کاعرصہ گزر گیا ہے اور مسائل محض الزامات کے ذریعے سڑکوں پرحل نہیں ہوتے۔انہوں نے کہاکہ حزب اختلاف کو پاک فوج پرالزام لگانے کی بجائے یہ معاملات متعلقہ اداروں کے سامنے رکھنے چاہئیں اوراسے اس کاآئینی حق حاصل ہے۔انہوں نے کہاکہ جمہوری مسائل جمہوری انداز میں حل کئے جانے چاہئیں۔
ایک سوال کے جواب میں آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹرجنرل نے کہاکہ گزشتہ دودہائیوں میں ملک دہشت گردی کے خلاف جنگ جیسے مشکل حالات سے گزرا ہے اوربے پناہ قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہاکہ عوام اور پاکستان کی مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جو عظیم قربانیاں دیں ان کی مثال کوئی دوسراملک پیش نہیں کرسکا۔میجرجنرل آصف غفورنے کہاکہ کنٹرول لائن پرکشیدگی اورمقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم جاری ہیں۔انہوں نے کہاکہ وطن کے دفاع کے لئے مشرقی سرحد پر ایک لاکھ اورمغربی سرحد پرتقریباً دولاکھ جوان تعینات ہیں۔فوج کے ترجمان نے کہاکہ ایسے حالات میں ملک میں انتشاراوربے چینی پھیلاناقومی مفاد میں نہیں ہوگا۔
Comments
Post a Comment