ای سی سی کی نیشنل پاورپارکز مینجمنٹ کمپنی کی نجکاری کا عمل تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے نیشنل پاورپارکز مینجمنٹ کمپنی کی نجکاری کا عمل تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس جمعہ کے روز اسلام آباد میں مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کی صدارت میں ہوا۔اجلاس میں نیشنل پاور پارکز مینجمنٹ کمپنی کے زیراہتمام گیس سے چلنے والے بجلی گھروں میں 2025 تک قطر سے درآمد ہونے والی گیس کے مکمل یا جزوی استعمال کے لئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔اجلاس میں معیشت کے دیگر شعبوں میں اضافی گیس کے استعمال پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قطر سے درآمد کی جانے والی گیس کی مقدار میں اتار چڑھائو سے کمپنی کی نجکاری کا عمل متاثر نہیں ہوگا۔نیشنل پاور پارکز مینجمنٹ کمپنی کے بجلی گھروں کو پیداواری گنجائش برقرار رکھنے کے لئے بجلی کی فروخت کے معاہدے کے تحت2025 تک متفقہ پیداواری صلاحیت کی رقم کی ادائیگی کی ضمانت حاصل ہوگی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں بجلی گھروں کے علاوہ معیشت کے مختلف شعبوں میں درآمدی گیس کے استعمال پر تفصیل سے غور و غوض کیا جائے گا۔

Comments